Saturday 17 September 2016

الله کی مخلوق سے محبّت

فرمایا کہ الله کے جو نیک بندے ہوتے ہیں ان کو الله کی مخلوق سے بھی بے پناہ شفقت اور محبّت ہوتی ہے، اور یہ محبّت اور شفقت اس بات کی علامت ہوتی ہے کہ ان کو الله تعالیٰ سے خصوصی تعلّق ہے۔ اسی کو مولانا رومی ؒ فرماتے ہیں:
زتسبیح و سجّادہ و دلق نیست
طریقت بجز خدمتِ خلق نیست
یعنی طریقت تسبیح، مصلّیٰ اور گدڑی کا نام نہیں، بلکہ طریقت خدمتِ خلق کے بغیر کچھ بھی نہیں۔

حضرت ڈاکٹر عبدالحئ رحمتہ الله علیہ فرماتے تھے کہ جب کوئ بندہ الله تعالی سے محبت کرتا ہے، اور الله تعالیٰ کو بھی اس سے محبت ہو جاتی ہے، تو الله تعالیٰ اس کے دل میں مخلوق کی محبّت ڈال دیتے ہیں جس کے نتیجے میں الله والوں کو انسانوں، بلکہ جانوروں تک سے اتنی محبّت ہو جاتی ہے کہ ہم اور آپ اس کا تصوّر بھی نہیں کر سکتے۔

ماخوذ از بیان "تواضع رفعت اور بلندی کا ذریعہ" از مفتی محمد تقی عثمانی دامت برکاتہم

No comments:

Post a Comment