Friday 17 February 2017

درود شریف نہ پڑھنے پر وعید

ایک مرتبہ حضور اقدس ﷺ مسجدِ نبوی میں خطبہ دینے کے لیے تشریف لائے۔ جس وقت منبر کی پہلی سیڑھی پر قدم رکھا اس وقت زبان سے فرمایا "آمین"۔ پھر جس وقت دوسری سیڑھی پر قدم رکھا اس وقت پھر فرمایا "آمین"۔ پھر جس وقت تیسری سیڑھی پر قدم رکھا اس وقت پھر فرمایا "آمین"۔ اس کے بعد آپ نے خطبہ دیا۔

جب آپ خطبہ سے فارغ ہو کر نیچے تشریف لائے تو صحابہ نے سوال کیاکہ یا رسول الله! آج آپ نے منبر پہ جاتے ہوئے (بغیر کسی دعا کے) تین مرتبہ آمین کہا۔ اس کی کیا وجہ ہے؟حضور اقدس ﷺ نے جواب دیا کہ بات دراصل یہ ہے کہ جس وقت یں منبر پہ جانے لگا اس وقت جبرئیل علیہ السلام میرے سامنے آ گئے۔ انوں نے تین دعائیں کیں، اور میں نے ان دعاؤں پہ آمین کہا۔ 

پھر فرمایا کہ پہلی دعا حضرت جبرئیل علیہ السلام نے یہ کی کہ وہ شخص برباد ہو جائے جو اپنے والدین کو بڑھاپے کی حال میں پائےاور پھر ان کی خدمت کر کے اپنے گناہوں کی مغفرت نہ کرا لے اور جنّت حاصل نہ کر لے۔ 

دوسری دعا یہ کی کہ وہ شخص ہلاک ہو جائے جس پر رمضان المبارک کا پورا مہینہ گزر جائے، اس کے باوجود وہ اپنے گناہوں کی مغفرت نہ کرا لے۔

تیسری دعا یہ تھی کہ وہ شخص ہلاک و برباد ہو جائے جس کے سامنے میرا نام لیا جائے اور وہ مجھ پر درود نہ بھیجے۔ (التاریخ الکبیر للبخاری، جلد ۷، ص ۲۲۰)

ماخوذ از بیان "درود شریف: ایک اہم عبادت"، از مفتی محمد تقی عثمانی دامت برکاتہم

No comments:

Post a Comment